آپریشن شعبان: بلوچستان میں مشترکہ کارروائیاں جاری، مزید 3 دہشت گرد ہلاک، تعداد 79 ہو گئی
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی جانب سے بلوچستان میں مشترکہ آپریشن شعبان بھرپور انداز میں جاری ہے۔ مؤثر فضائی اور زمینی کارروائیوں کے نتیجے میں دہشت گرد اپنے ٹھکانے چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی کمین گاہوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تازہ کارروائیوں میں مزید تین دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں، جس کے بعد آپریشن شعبان میں مارے جانے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 79 ہو گئی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 117 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن شعبان جاری رکھا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






