//

مون سون بارشیں، ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا

لاہور (آئی این پی): ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر پنجاب بھر کے تمام چیف ٹریفک آفیسرز (سی ٹی اوز) اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسرز (ڈی ٹی اوز) کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ شدید بارشوں کے دوران ٹریفک کی روانی ہر صورت برقرار رکھی جائے اور ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ نشیبی علاقوں، انڈر پاسز اور بارش سے متاثرہ مقامات پر ٹریفک اہلکاروں کو الرٹ رکھا جائے، جبکہ ممکنہ فلڈ الرٹس، بند سڑکوں اور متبادل راستوں سے متعلق شہریوں کو بروقت آگاہ کیا جائے۔ اہم شاہراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک کی بلا تعطل روانی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پانی جمع ہونے والے مقامات پر فوری طور پر بیریئرز، وارننگ سائنز اور ٹریفک ڈائیورشن کا انتظام کیا جائے، جبکہ لفٹرز اور بریک ڈاؤن سروسز کو بھی ہر وقت فعال رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔

محمد وقاص نذیر نے کہا کہ ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں ہر وقت تیار رہیں، امدادی گاڑیوں کے لیے راستے کھلے رکھے جائیں اور تمام سی ٹی اوز، ڈی ٹی اوز اور فیلڈ افسران خود ٹریفک انتظامات کی نگرانی کریں۔ انہوں نے ٹریفک اہلکاروں کو دورانِ بارش اپنی حفاظت یقینی بنانے اور شہریوں کی بھرپور معاونت جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close