//

غیرملکی خواتین کے ہائی پروفائل کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آگئی

لاہور (آئی این پی): لاہور ہائیکورٹ نے دو غیرملکی خواتین کے ہائی پروفائل کیس میں نامزد ملزم وحید طاہر المعروف “باس” کی مبینہ بازیابی سے متعلق درخواست پر تھانہ ڈیفنس سی اور تھانہ ہئیر کے ایس ایچ اوز کو 20 جولائی کو تفصیلی رپورٹ سمیت طلب کر لیا۔

جسٹس عہبر گل خان نے مبینہ مغوی کی والدہ ممتاز بی بی کی درخواست پر سماعت کی، جس میں رانا انتظار حسین ایڈووکیٹ درخواست گزار کی جانب سے پیش ہوئے۔

دورانِ سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ آیا مبینہ مغوی اس وقت سروسز ہسپتال میں موجود ہے؟ اس پر وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ وحید طاہر سروسز ہسپتال کے آرتھوپیڈک وارڈ میں پولیس کی غیرقانونی حراست میں ہے۔

درخواست گزار نے الزام لگایا کہ پولیس نے چھاپے کے دوران گھر سے ایک سوزوکی ویگن آر، ٹویوٹا سرف، ساڑھے تین لاکھ روپے نقدی اور دیگر قیمتی سامان بھی قبضے میں لیا، تاہم اس حوالے سے کوئی رسید یا سرکاری ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ پولیس کو مبینہ مغوی کو بازیاب کر کے فوری طور پر متعلقہ عدالت میں پیش کرنے اور اہلِ خانہ سے ملاقات کرانے کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے ایس ایچ او تھانہ ڈیفنس سی اور ایس ایچ او تھانہ ہئیر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 20 جولائی تک تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ درخواست میں آئی جی پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنز، ایس ایچ او تھانہ ہئیر سمیت دیگر متعلقہ حکام کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close