شدید بارشیں میں سیکڑوں سانپ اور مگرمچھ بہہ کر آبادی میں آگئے

بیجنگ: چین میں طوفان میساک کے باعث آنے والے شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جبکہ سیلابی ریلوں کے ساتھ سیکڑوں سانپ اور کئی مگرمچھ بھی شہری آبادیوں میں پہنچ گئے، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی چین کے شہر ہینگژو میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 39 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق سیلاب کے دوران متعدد فارمز کی حفاظتی دیواریں گر گئیں، جس کے نتیجے میں تقریباً 900 سانپ فرار ہو گئے۔ ان میں سے بڑی تعداد شہری آبادیوں میں داخل ہو گئی، جبکہ کئی مگرمچھ بھی سیلابی پانی میں تیرتے ہوئے دیکھے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بہہ جانے والے زیادہ تر سانپ زہریلے تھے اور ان کے کاٹنے سے متعدد افراد متاثر ہوئے، جبکہ ایک خاتون کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں سانپوں کو سیلابی پانی اور رہائشی گھروں کے اندر دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ مگرمچھ اور بڑی تعداد میں بطخیں بھی پانی میں بہتی ہوئی نظر آئیں۔

ادھر سیلابی پانی چڑیا گھر میں داخل ہونے کے بعد متعدد جانور بھی باہر نکل گئے، جن میں 2 زیبرے، ایک کوہان بیل، 3 چھوٹے قد کے گھوڑے اور 2 گدھے شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close