عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 375.9 ملین ڈالر قرض کی منظوری دے دی
عالمی بینک نے پاکستان کے توانائی کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے 375.9 ملین امریکی ڈالر (37 کروڑ 59 لاکھ ڈالر) کے قرض کی منظوری دے دی ہے۔ جاری اعلامیے کے مطابق یہ فنڈنگ 10 سالہ توانائی پروگرام کے پہلے مرحلے کے تحت فراہم کی جائے گی، جس کا مقصد ملک کے بجلی کے ترسیلی نظام کو جدید، مؤثر اور زیادہ مستحکم بنانا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس مالی معاونت سے قومی پاور گرڈ کی اپ گریڈیشن اور جدید ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ اس منصوبے سے بجلی کی ترسیل میں بہتری آئے گی، نظام میں تکنیکی نقصانات کم ہوں گے اور بجلی کی بندش کے دورانیے میں بھی کمی لانے میں مدد ملے گی۔
عالمی بینک کے مطابق منصوبے کے ذریعے 640 میگاواٹ اضافی ونڈ پاور قومی گرڈ میں شامل کی جائے گی، جس سے قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کو تقویت ملے گی۔ جدید ٹرانسمیشن نظام کے باعث بجلی کی ترسیل زیادہ مؤثر ہوگی، جس سے بجلی کی مجموعی لاگت کم کرنے اور گھریلو، صنعتی اور تجارتی صارفین کو بہتر اور قابلِ اعتماد بجلی فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ منصوبہ پاکستان کے بجلی کے نظام کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے زیادہ محفوظ اور مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ اس کے نتیجے میں ہر سال تقریباً 8 لاکھ 32 ہزار ٹن کاربن کے اخراج میں کمی متوقع ہے، جو ماحول دوست توانائی کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
عالمی بینک کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ حکومت پاکستان کی پاور سیکٹر اصلاحات کی حمایت کرے گا، بجلی کی ترسیل کے نظام کو مزید مستحکم بنائے گا اور ملک میں قابلِ تجدید توانائی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






