سولر سسٹمز کی بڑھتی مانگ کے ساتھ فراڈ میں بھی اضافہ، ماہرین نے شہریوں کو خبردار کر دیا
ملک میں بجلی کی مسلسل بڑھتی قیمتوں کے باعث سولر سسٹمز کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، تاہم اس کے ساتھ ہی سولر آلات کے نام پر دھوکہ دہی اور فراڈ کے واقعات بھی بڑھنے لگے ہیں۔ ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ سولر سسٹم خریدتے وقت مکمل احتیاط برتیں تاکہ مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
رپورٹس کے مطابق بعض عناصر استعمال شدہ سولر پلیٹس کو نئی ظاہر کرکے فروخت کر رہے ہیں، جبکہ کم واٹ کی پلیٹس پر زیادہ واٹ کے اسٹیکرز لگا کر صارفین کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ غیر معیاری انورٹرز، تاریں اور ماؤنٹنگ اسٹرکچر بھی معیاری مصنوعات کے نام پر فروخت کیے جانے کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔
سولر ماہرین کا کہنا ہے کہ خریداری سے قبل سولر پینلز کا سیریل نمبر، وارنٹی اور اصل پاور آؤٹ پٹ ضرور چیک کریں۔ ان کا مشورہ ہے کہ سولر سسٹم ہمیشہ مستند اور قابل اعتماد ڈیلرز سے خریدیں اور خریداری کے وقت تحریری کوٹیشن، وارنٹی کارڈ اور باقاعدہ رسید ضرور حاصل کریں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ غیر معمولی کم قیمت کے لالچ میں خریداری مستقبل میں بڑے مالی نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔ ان کے مطابق سولر سسٹم ایک طویل مدتی سرمایہ کاری ہے، اس لیے قیمت کے بجائے مصنوعات کے معیار، کمپنی کی ساکھ اور فروخت کے بعد فراہم کی جانے والی خدمات کو ترجیح دینی چاہیے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مکمل تحقیق، مصنوعات کی تصدیق اور مستند سپلائرز کا انتخاب ہی صارفین کو سولر فراڈ سے محفوظ رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






