کرک اور کوہاٹ میں مشترکہ پولیس آپریشن، 4 مطلوب دہشت گرد ہلاک
خیبر پختونخوا کے اضلاع کرک اور کوہاٹ کی پولیس نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کے دوران چار انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد پولیس افسران اور اہلکاروں پر ہونے والے متعدد مہلک حملوں میں مطلوب تھے۔
پولیس حکام کے مطابق خٹک ڈیم اور کرک و کوہاٹ کی سرحدی حدود میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر دونوں اضلاع کی پولیس نے مشترکہ کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران مبینہ طور پر چھپے ہوئے دہشت گردوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی شدید فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں پولیس نے بھرپور کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں پولیس کے مطابق کمانڈر زاہد گروپ سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گرد مارے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سنگین دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ حکام کے مطابق یہ افراد 2025 میں ضلع کرک کے ایس ایچ او بانڈہ عمر نواز، ضلع کوہاٹ کے انسپکٹر طاہر نواز اور 2026 میں ڈی ایس پی اسد محمود، سب انسپکٹر انار گل سمیت دیگر پولیس افسران اور اہلکاروں کی شہادت کے واقعات میں مبینہ طور پر براہِ راست ملوث تھے۔
آپریشن کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او کرک اور ایس پی صدر کوہاٹ احسان شاہ بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرکے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا، جس کی نگرانی سینئر پولیس افسران خود کر رہے ہیں تاکہ علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ خطرے کا خاتمہ کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی حتمی شناخت اور ان کے مجرمانہ ریکارڈ کی مزید جانچ کی جا رہی ہے، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام ممکنہ خطرات ختم نہیں ہو جاتے۔
پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک شرپسند عناصر کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






