ایچ نائن بازارمیں آتشزدگی کے واقعے کی انکوائری رپورٹ آگئی،اہم انکشافات

اسلام آباد کے ایچ نائن بازار میں آتشزدگی کی تحقیقاتی رپورٹ جاری، اہم انکشافات سامنے آگئے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن بازار میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، جس میں آگ لگنے کی ابتدائی صورتحال، امدادی کارروائیوں اور حفاظتی انتظامات میں مبینہ غفلت سے متعلق کئی اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق آگ سب سے پہلے اسٹال نمبر C-432 اور C-433 میں لگی۔ دکانداروں نے رات 9 بج کر 45 منٹ کے قریب اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی، جبکہ فائر بریگیڈ کو 9 بج کر 51 منٹ پر اطلاع دی گئی۔ فائر بریگیڈ کی پہلی گاڑی 10 بج کر 2 منٹ پر بازار پہنچی، جبکہ امدادی کارروائیوں میں راولپنڈی ریسکیو اور پاک بحریہ کے واٹر باؤزرز نے بھی حصہ لیا۔ مسلسل کوششوں کے بعد رات 1 بج کر 20 منٹ پر آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا۔

تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ متعدد وینڈرز اپنے اسٹالز کو گودام کے طور پر استعمال کر رہے تھے اور بعض اسٹالز آگے کرائے پر بھی دیے گئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق اس عمل کے باعث فائر سیفٹی کے تقاضوں کو نظر انداز کیا گیا، جس سے آگ کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ گیا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ واقعے کے وقت مقررہ فائر ٹینڈر اپنی ڈیوٹی کے مقام پر موجود نہیں تھا، جبکہ چوکیداروں نے فوری طور پر ریسکیو اداروں کو اطلاع دینے کے بجائے خود آگ بجھانے کی کوشش کی، جس سے امدادی کارروائی میں تاخیر ہوئی۔ آگ لگنے کی حتمی وجہ کا تعین فرانزک ٹیم کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

تحقیقاتی کمیٹی نے آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے متعدد سفارشات بھی پیش کی ہیں۔ ان میں رات کے وقت اسٹالز کے اندر سامان رکھنے پر پابندی، ایچ نائن بازار کا مکمل فائر سیفٹی آڈٹ کرانے، ترپال کے استعمال پر پابندی عائد کرنے اور اسٹالز غیر قانونی طور پر کرائے پر دینے والے الاٹیز کی الاٹمنٹ فوری منسوخ کرنے کی سفارشات شامل ہیں۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے مستقبل میں آتشزدگی کے خطرات کو کم کرنے اور بازار میں حفاظتی معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close