یورپی ملک کے ایف 16 جنگی طیارے میں دوران پرواز آگ لگ گئی

یونانی فضائیہ کا ایف-16 طیارہ دورانِ پرواز فنی خرابی کا شکار، ہنگامی لینڈنگ کے بعد آگ بھڑک اٹھی

یونانی فضائیہ کا ایک ایف-16 جنگی طیارہ دورانِ تربیتی پرواز فنی خرابی کا شکار ہو گیا، جس کے باعث اسے زاکنتھوس ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ لینڈنگ کے فوراً بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم پائلٹ محفوظ رہا۔

ترک میڈیا کے مطابق پائلٹ نے انتہائی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خراب طیارے کو بحفاظت زمین پر اتارا، جس سے کسی جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔ واقعے کے بعد احتیاطی تدابیر کے تحت یونان کے مصروف ترین سیاحتی ہوائی اڈوں میں شمار ہونے والے زاکنتھوس ایئرپورٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔

یونانی فضائیہ کا کہنا ہے کہ طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا، تاہم دورانِ پرواز فنی خرابی پیدا ہونے پر ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ حکام کے مطابق پائلٹ مکمل طور پر محفوظ ہے اور اس کی حالت تسلی بخش ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

یونانی ذرائع ابلاغ کے مطابق لینڈنگ سے قبل طیارے کے نظام نے آگ لگنے کا انتباہ جاری کیا تھا۔ رن وے پر اترتے ہی طیارے میں شعلے بھڑک اٹھے، جس کے بعد فائر فائٹرز اور ہوائی اڈے کے امدادی عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔

رپورٹس کے مطابق طیارہ لینڈنگ گیئر کھولے بغیر رن وے پر اترا، جس کے باعث وہ کئی میٹر تک زمین پر پھسلتا رہا۔ اس دوران طیارے کو شدید نقصان پہنچا، تاہم پائلٹ بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب رہا۔

واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی ہیں، جن میں رن وے پر کھڑے ایف-16 طیارے سے آگ کے شعلے اٹھتے اور فائر فائٹرز کو آگ بجھانے کی کارروائی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد فنی خرابی کی اصل وجہ سامنے لائی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close