انا للہ و انا الیہ راجعون ،معروف پاکستانی اداکار احسن خان کے گھر صفِ ماتم بچھ گئی

احسن خان کے والد انتقال کر گئے، اداکار کا جذباتی پیغام

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار احسن خان کے والد انتقال کر گئے۔ اداکار نے اس افسوسناک خبر کی تصدیق فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر کی، جہاں انہوں نے اپنے والد کے ساتھ چند یادگار تصاویر بھی شیئر کیں۔

احسن خان نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ بعض جدائیاں انسان کو زندگی کی سب سے بڑی حقیقت یاد دلاتی ہیں کہ دنیا کی ہر چیز عارضی ہے اور سب کچھ اللہ تعالیٰ کی امانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد ایک نہایت شاندار شخصیت کے مالک تھے اور آج وہ جس مقام پر ہیں، اس میں ان کے والد کی رہنمائی، محبت اور تربیت کا بنیادی کردار رہا ہے۔

اداکار نے اس مشکل گھڑی میں ساتھ دینے والے تمام دوستوں، مداحوں اور خیر خواہوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے ان سے رابطہ کیا، تعزیت کی اور اپنی محبت و دعاؤں کا اظہار کیا، ان کی اس شفقت نے انہیں یہ احساس دلایا کہ وہ اس آزمائش میں تنہا نہیں ہیں، جس پر وہ سب کے بے حد ممنون ہیں۔

احسن خان کے والد کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں، شوبز شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ سب مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کر رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close