کہیں بارش تو کہیں شدیدگرمی، محکمہ موسمیات کی جانب سے بڑی پیشگوئی

ملک بھر میں موسم کی صورتحال، محکمہ موسمیات نے اہم پیش گوئی جاری کر دی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں کے لیے موسم کی تازہ پیش گوئی جاری کرتے ہوئے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بعض علاقوں میں بارش جبکہ بیشتر مقامات پر گرم اور مرطوب موسم رہنے کی توقع ظاہر کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ لاہور میں موسم مجموعی طور پر گرم اور خشک رہے گا، جبکہ 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی اور ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب کراچی میں بھی سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہے گی۔ محکمہ موسمیات نے شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کی پیش گوئی کی ہے۔ کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں جنوب مغرب کی سمت سے 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے، جس کے باعث موسم گرم اور مرطوب محسوس ہوگا۔

اسلام آباد میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ دن بھر دھندلی دھوپ اور جزوی ابر آلود موسم متوقع ہے، جبکہ ہلکی رفتار سے ہوائیں چلنے کے باعث گرمی کی شدت میں معمولی کمی آ سکتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔

ادھر بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور شدید گرم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ، قلات میں 33 ڈگری، زیارت میں 25 ڈگری اور ژوب میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

صوبے کے گرم ترین علاقوں میں سبی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے، جبکہ تربت میں 45 ڈگری، نوکنڈی میں 44 ڈگری، چمن میں 38 ڈگری، گوادر میں 33 ڈگری اور جیوانی میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، دھوپ سے بچنے اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close