چھوٹے تاجروں اور ریٹیلرز کی فکسڈ ٹیکس اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے ایک خصوصی موبائل ایپ تیار کر لی گئی ہے، جسے آئندہ ہفتے تک باقاعدہ طور پر متعارف کرا دیا جائے گا۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق رواں ہفتے کے دوران اس موبائل ایپ کو آزمائشی (ٹرائل) بنیادوں پر لانچ کر کے اس کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد آئندہ ماہ سے اس ایپ کے ذریعے چھوٹے تاجروں کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔
اسکیم کے تحت رجسٹرڈ ہونے والے ریٹیلرز کو ستمبر کے دوران اپنے ٹیکس ریٹرنز فائل کرنا ہوں گے۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع نے مزید بتایا کہ تاجروں کی سہولت کے لیے اس موبائل ایپ کو اردو، انگلش، سندھی اور بلوچی زبانوں میں لانچ کیا جائے گا۔ ایپ میں رجسٹرڈ ہونے والے ریٹیلرز کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ایک ‘گرین پلیٹ’ مختص کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر کو اب تک ملک بھر سے تقریباً 35 لاکھ سے زائد ریٹیلرز کی معلومات موصول ہو چکی ہیں۔ حکومت نے رواں مالی سال کے دوران ریٹیلرز کی اس رجسٹریشن اسکیم کے ذریعے 50 ارب روپے کا ٹیکس ریونیو حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






