کسانوں کے لیے زرخیزی-ای زرعی قرضہ پروگرام سے متعلق ملک گیر آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت، شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی تنظیمِ نو اور زرعی شعبے میں اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں زرعی ترقی، تحقیق اور کسانوں کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبوں کی مشاورت سے جامع قومی زرعی پالیسی جلد از جلد مرتب کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل (پی اے آر سی) کو حقیقی معنوں میں زرعی تحقیق کا مؤثر مرکز بنایا جائے، کیونکہ زرعی شعبہ پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہتر بیج، جدید زرعی ٹیکنالوجی، پانی اور کھاد کی بروقت و مناسب فراہمی سے فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن، جدید ویئر ہاؤسنگ اور ذخیرہ سازی کے نظام پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے زرعی شعبے میں ایپکس فورم قائم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یہ فورم ایگریکلچر انوویشن اینڈ گروتھ پلان پر مؤثر عملدرآمد کے لیے ہر ماہ اجلاس منعقد کرے گا۔

انہوں نے زرخیزی-ای زرعی قرضہ پروگرام سے متعلق ملک گیر آگاہی مہم شروع کرنے اور کسانوں کی آسان زرعی قرضوں تک رسائی مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو زرعی شعبے میں جاری اصلاحات اور تحقیقی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر میں پائلٹ بنیادوں پر ملٹی گرین ایگریکلچر ٹیکنالوجی کی تیاری پر کام جاری ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close