شہری جعلی ای چالان اور ایس ایم ایس سے ہوشیار رہیں، سائبر کرائم میں ملوث عناصر جعلی ویب سائٹس کے ذریعے شہریوں سے ذاتی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
اس سلسلے میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (پی ایس سی اے) نے شہریوں کو جعلی ای چالان اور فراڈ پر مبنی ایس ایم ایس پیغامات سے محتاط رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائبر فراڈ عناصر شہریوں کو جعلی لنکس اور ویب سائٹس کے ذریعے مالی نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پی ایس سی اے کی جانب سے جاری عوامی آگاہی مہم کے مطابق شہری کسی بھی مشکوک لنک پر کلک نہ کریں اور نہ ہی اپنا ون ٹائم پاس ورڈ (او ٹی پی) یا دیگر ذاتی معلومات کسی کے ساتھ شیئر کریں۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ اصل ای چالان صرف مختصر کوڈ 9915 سے ہی ارسال کیے جاتے ہیں جبکہ کسی بھی غیر مستند یا نامعلوم ویب سائٹ پر ادائیگی کرنے سے گریز کیا جائے۔
پی ایس سی اے کے مطابق ای چالان کی تصدیق اور ادائیگی صرف سرکاری ذرائع کے ذریعے کی جانی چاہیے، جن میں ’ای پے پنجاب ایپ‘ اور سرکاری ویب سائٹ شامل ہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مشکوک پیغامات یا فراڈ کی صورت میں فوری طور پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ، 15 یا متعلقہ حکام سے رابطہ کریں تاکہ مالی نقصان اور سائبر جرائم سے محفوظ رہا جاسکے۔
یاد رکھیں !! آپ کی احتیاط ہی آپ کی حفاظت ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






