طلبہ کو 25 ہزار روپے ماہانہ اعزازیے پر انٹرن شپ بھی فراہم کی جائے گی

پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ مالی سال کے دوران 50 ہزار طلبہ کو 5 لاکھ روپے تک کے بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کے دور میں جامعات کے لیے صرف 9 لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے، جبکہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد اعلیٰ تعلیم کا بجٹ بڑھا کر 50 ارب روپے کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ مالی سال میں 50 ہزار طلبہ کو بلا سود قرضے دیے جائیں گے، جبکہ 20 ہزار نئے طلبہ کو 25 ہزار روپے ماہانہ اعزازیے پر انٹرن شپ بھی فراہم کی جائے گی۔

مینا خان آفریدی نے گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو جبری رخصت پر بھیجے جانے سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ قبل یونیورسٹی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد معاملہ صوبائی اسمبلی میں اٹھایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں معاملہ آنے کے بعد وائس چانسلر کو انکوائری مکمل ہونے تک جبری رخصت پر بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ جعلی ڈگریوں کا معاملہ بعد میں سامنے آیا۔

صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ وائس چانسلر کو جبری رخصت پر بھیجنے کی بنیادی وجہ جعلی ڈگریاں نہیں بلکہ یونیورسٹی میں پیش آنے والا فائرنگ کا واقعہ تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close