دشمن پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے بزدلانہ پراکسیاں استعمال کر رہا ہے، شہباز شریف

کراچی: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے خلاف دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کے آہنی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان آج دنیا میں امن کے علمبردار کا کردار ادا کر رہا ہے اور تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لیے امن، مذاکرات اور سفارت کاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر میں 125ویں مڈشپ مین اور 33ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی مخلصانہ ثالثی کی کوششوں کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان تاریخی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، جس پر بطور ثالث دستخط کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے قیامِ امن کے لیے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فریقین کو امن اور ہم آہنگی کے راستے پر لانے کے لیے دن رات محنت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے حالیہ دورۂ پاکستان سے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کا اعتراف ظاہر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال نے میری ٹائم سکیورٹی کی اہمیت مزید بڑھا دی ہے اور آزادانہ بحری آمدورفت و جہازرانی عالمی معیشت اور سپلائی چین کے لیے ناگزیر بن چکی ہے۔ حکومت پاک بحریہ کو مزید مضبوط، مؤثر اور جدید دفاعی قوت بنانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ وہ قومی دفاع کے ساتھ ساتھ خطے میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاک بحریہ نے معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے بحری سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کیا اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔

انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے افسران سے کہا کہ وہ جرات، نظم و ضبط، دیانت داری، وفاداری اور پیشہ ورانہ مہارت کو ہمیشہ مقدم رکھیں، کیونکہ ان کے کندھوں پر سجنے والا رینک ایک بڑی ذمہ داری کی علامت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو بیرونی خطرات کے باعث مختلف سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان کے بقول گزشتہ سال مئی میں مشرقی ہمسائے کو ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد وہ پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کے لیے پراکسیوں اور دیگر بزدلانہ ہتھکنڈوں کا سہارا لے رہا ہے، جبکہ مغربی سرحد پر بھی غیر ملکی سرپرستی میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مسلح افواج سرگرم عمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہے۔

وزیراعظم نے کشمیر، فلسطین اور غزہ کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

تقریب میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، گورنر سندھ نہال ہاشمی، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں اعزازات بھی تقسیم کیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close