شکرگڑھ: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور ملک کی سفارتی کامیابیوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔
ریسٹ ہاؤس شکرگڑھ میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے ورثے میں ملنے والی 38 فیصد مہنگائی کو کم کر کے 6 سے 7 فیصد کی سطح تک پہنچا دیا ہے، تاہم بعض عناصر پاکستان کی ترقی اور کامیابیوں کو برداشت نہیں کر پا رہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی اظہارِ رائے کی آڑ میں ریاست مخالف پروپیگنڈا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ریاست اور قومی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔ ان کے بقول چند جماعتیں اور مسترد شدہ عناصر افواجِ پاکستان اور ریاست کے خلاف گمراہ کن مہم کا حصہ بنے ہوئے ہیں اور ملکی مفاد کے مخالفین کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف مہمات قومی مفاد کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کا مقصد ادارے کو منافع بخش، مستحکم اور مؤثر بنانا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق میں کامیابی کے بعد اب معیشت کے میدان میں کامیابی حاصل کرنا قومی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی سے عالمی معیشت متاثر ہوئی، تاہم پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور مہنگائی میں کمی آئی ہے، جبکہ منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے عاشورہ کے پرامن انعقاد پر عوام، علمائے کرام، انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کے مشترکہ تعاون کا نتیجہ ہے۔
آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور مہاجرین کی نشستوں پر بھی اکثریت حاصل کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے عوام کو بھی پنجاب کی طرز پر ترقیاتی منصوبے اور مضبوط حکومت فراہم کی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مضبوط معیشت کے لیے ملک کو انتشار، فساد اور بے یقینی سے بچانا ہوگا، جبکہ وزیراعظم کی ہدایت پر بجٹ میں برآمدات کے فروغ کے لیے خصوصی مراعات بھی دی گئی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






