بھارتی فلمی صنعت، خصوصاً تامل سنیما، ایک اہم تخلیقی شخصیت سے محروم ہو گئی۔ معروف اسکرین رائٹر، ہدایت کار اور اداکار کے بھاگیاراج 73 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے، جس کے بعد فلمی حلقوں اور مداحوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کی صبح انہیں سینے میں شدید تکلیف محسوس ہوئی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم طبی کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہ جا سکا۔
مرحوم اپنے پیچھے اہلیہ پورنیما بھاگیاراج، بیٹے شانتھنو بھاگیاراج اور بیٹی سرانیہ بھاگیاراج کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔
ان کی وفات کو اس لیے بھی بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے استاد بھرتی راجہ کے انتقال کے چند ہی روز بعد دنیا سے رخصت ہوئے، جس سے تامل فلمی دنیا مزید غمزدہ ہو گئی۔
کے بھاگیاراج کو تامل سنیما کے نمایاں تخلیق کاروں میں شمار کیا جاتا تھا۔ انہوں نے بطور مصنف، اداکار اور ہدایت کار کئی یادگار منصوبوں پر کام کیا اور اپنی منفرد کہانی نویسی اور فلم سازی کے باعث الگ شناخت قائم کی۔
ان کی معروف تخلیقات میں “اورو کائیدھیین ڈائری” بھی شامل ہے، جس میں کمل ہاسن نے مرکزی کردار ادا کیا۔ بعد ازاں اسی کہانی پر “آخری راستہ” بنائی گئی، جس میں امیتابھ بچن مرکزی کردار میں نظر آئے۔
تامل فلم انڈسٹری میں ان کی خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا اور ان کا کام آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک اہم حوالہ سمجھا جاتا رہے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






