نادرا میں ب فارم کی تجدید کب اور کیسے کروائیں؟ طریقہ جانیے

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا کہنا ہے کہ ب فارم بروقت بنوائیں اور میعاد ختم ہونے پر تجدید لازمی کروائیں۔

نادرا کی جانب سے جاری کردہ سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا گیا کہ بچے کی پیدائش کے 30 دن کے اندر یونین کونسل میں اندراج کروائیں اور پھر نادرا سے پہلا ب فارم بنوائیں۔

بائیو میٹرک تصدیق کے تقاضے

بچوں کی عمر تین سال ہونے تک تصویر کی ضرورت نہیں ہے اگر ب فارم حاصل کرنے کے بعد پاسپورٹ بنوانا ہو تو تصویر ضروری ہے جبکہ فنگر پرنٹس کی ضرورت نہیں ہوگی۔

3 سے 10 سال کی عمر تک کے بچوں کی تصویر لازمی ہے۔ 10 سے 18 سال کی عمر تک تصویر اور فنگر پرنٹس لازمی ہیں۔

درخواست جمع کروانے کا طریقہ

نادرا دفتر سے ب فارم بنوانے کے لیے والدین اپنے شناختی کارڈ نمبر اور یونین کونسل کا پیدائش سرٹیفکیٹ یا سی آر ایم ایس نمبر ہمراہ لائیں۔

تین سال سے کم عمر بچے کا ب فارم حاصل کرنے کے بعد پاسپورٹ بنوانا ہو تو اسے تصویر کے لیے ساتھ لائیں، بصورت دیگر تین سال سے زیادہ عمر کے بچوں کو ساتھ لائیں۔

علاوہ ازیں پاک آئی ڈی موبائل ایپ سے گھر بیٹھے ب فارم بنواسکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close