اب صارفین ای میلز کا خلاصے کے ساتھ ساتھ آسک جیمنائی سے سوالات بھی پوچھ سکیں گے

نیویارک: حالیہ مہینوں کے دوران گوگل کی جانب سے متعدد جیمنائی اے آئی فیچرز کو کمپنی کی ایپس کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ابتدا میں زیادہ توجہ ایسے اے آئی فیچرز پر مرکوز کی گئی تھی جو لکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ پھر 2025 میں اوور ویو ٹو جی میل کو گوگل ورک پلیس کے ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا۔ جنوری 2026 میں گوگل نے امریکا میں جی میل صارفین کے لیے چند کارآمد اے آئی فیچرز مفت فراہم کرنا شروع کیے۔

اب دنیا بھر میں جی میل کے صارفین کے لیے اے آئی پر مبنی سمریز کا فیچر متعارف کرا دیا گیا ہے۔ اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گوگل کی جانب سے جیمنائی پر مبنی ای میل سمریز کو جی میل کے مفت صارفین کے لیے بتدریج متعارف کرایا جا رہا ہے۔ فی الحال یہ سمریز محدود ای میل تھریڈز پر کام کرتی ہیں۔

گوگل سپورٹ پیج پر بھی بتایا گیا ہے کہ اے آئی اوور ویوز کنورزیشن سمریز دنیا بھر میں جی میل کے مفت اکانٹس استعمال کرنے والے صارفین کو دستیاب ہوں گی۔ سپورٹ پیج کے مطابق یہ فیچر فی الحال انگلش، فرنچ، جرمن، اٹالین، جاپانی، کورین، پرتگیز اور اسپینش زبانوں میں دستیاب ہوگا۔

اے آئی اوور ویو فیچر میں جی میل کی جانب سے جیمنائی ای میل تھریڈ کے مواد کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ “آسک جیمنائی” فیچر کے ذریعے ای میل تھریڈز کے حوالے سے سوالات بھی پوچھے جا سکتے ہیں۔ اگر صارف اس فیچر کو استعمال نہیں کرنا چاہتے تو اسے بند بھی کیا جا سکتا ہے۔

اس کے لیے سیٹنگز میں جا کر جنرل، پھر گوگل ورک پلیس اسمارٹ فیچرز اور پھر منیج ورک پلیس اسمارٹ فیچرز میں جائیں، جہاں سے جیمنائی پر مبنی فیچرز کو بند کیا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close