اسلام آباد: گوگل نے پاکستان میں اپنے اے آئی چیٹ بوٹ جیمنائی (Gemini) کو براہِ راست کروم ویب براؤزر کا حصہ بنا دیا ہے۔
“جیمنائی اِن کروم” نامی یہ فیچر ستمبر 2025 میں امریکا میں متعارف کرایا گیا تھا، جبکہ مارچ 2026 میں اسے کینیڈا، نیوزی لینڈ اور بھارت تک توسیع دی گئی۔ اب یہ سہولت پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں دستیاب کر دی گئی ہے۔
لاطینی امریکا، افریقا، ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے صارفین اب ڈیسک ٹاپ اور آئی او ایس ڈیوائسز پر کروم کے اندر جیمنائی استعمال کر سکیں گے۔
کروم براؤزر کے اوپری دائیں کونے میں موجود جیمنائی آئیکون پر کلک کرکے صارفین اے آئی چیٹ بوٹ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
جیمنائی ویب صفحات کو پڑھنے اور سمجھنے، مختلف ٹیبز میں موجود معلومات کا موازنہ کرنے اور ماضی میں دیکھی گئی ویب سائٹس کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ صارفین براؤزنگ ہسٹری میں تلاش کرنے کے بجائے جیمنائی کو براہِ راست ہدایت دے سکیں گے کہ وہ پہلے کھولی گئی ویب سائٹ دوبارہ سامنے لے آئے۔
اس کے علاوہ جیمنائی کو گوگل کی دیگر سروسز جیسے جی میل، کیلنڈر، میپس اور یوٹیوب کے ساتھ بھی استعمال کیا جا سکے گا، جبکہ صارفین کو موجودہ ویب پیج چھوڑنے کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






