اب غلط ای چالان کو گھر بیٹھے آن لائن چیلنج کریں، طریقہ کار کیا ؟ جانیے

لاہور ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے غلط ای چالان کے خلاف آن لائن اپیل کا طریقہ کار جاری کردیا ہے۔ اب شہریوں کو غلط ای چالان چیلنج کرنے کے لیے ٹریفک پولیس کے دفتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ گھر بیٹھے آن لائن نظرثانی کی درخواست جمع کراسکتے ہیں۔

لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق غلط ای چالان موصول ہونے کی صورت میں شہری پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (PSCA) کے آن لائن پورٹل پر دستیاب ریویو کی سہولت استعمال کرسکتے ہیں۔ اس کے لیے سب سے پہلے پی ایس سی اے کی آفیشل ای چالان ویب سائٹ echallan.psca.gop.pk پر جاکر مطلوبہ معلومات درج کرنا ہوں گی۔

ای چالان سامنے آنے کے بعد شہری اس کی تفصیلات کا جائزہ لے کر تصدیق کریں کہ متعلقہ چالان واقعی غلط جاری ہوا ہے۔ اس کے بعد Review کے آپشن پر کلک کرکے نظرثانی کا عمل شروع کیا جاسکتا ہے۔

پورٹل پر دی گئی ہدایات کے مطابق مطلوبہ معلومات فراہم کرکے آن لائن نظرثانی کی درخواست جمع کرانا ہوگی۔ درخواست جمع ہونے کے بعد متعلقہ حکام شکایت کا جائزہ لیں گے اور کارروائی مکمل ہونے پر درخواست گزار کو فیصلے سے آگاہ کردیا جائے گا۔

آن لائن طریقہ کار میں کسی قسم کی دشواری کی صورت میں شہری رہنمائی اور مدد کے لیے لاہور ٹریفک پولیس سے 03225638888 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔