خبردار! کیا آپ کو بھی یہ میسج آیا ہے؟ جانئے

لاہور : پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے شہریوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ پی ایچ سی کے نام سے جعلی کالز اور پیغامات سے ہوشیار رہیں اور کسی کو بھی ذاتی نوعیت کی معلومات ہرگز فراہم نہ کریں۔

پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (پی ایچ سی) نے شہریوں کو جعلی فون کالز، پیغامات اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے متعلق خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھوکے باز عناصر ادارے کے نام پر عوام سے رابطہ کرکے ذاتی معلومات اور بھاری رقوم حاصل کرنے کی وارداتیں کر رہے ہیں۔

پی ایچ سی کی جانب سے جاری آگاہی پیغام میں کہا گیا ہے کہ بعض عناصر خود کو کمیشن کا نمائندہ ظاہر کرکے شہریوں سے حساس معلومات طلب کرتے ہیں، جبکہ بعض جعلی اکاؤنٹس اور غیر مصدقہ لنکس کے ذریعے عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔کمیشن نے واضح کیا کہ کسی بھی مشتبہ کال، پیغام یا سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ہرگز اعتماد نہ کیا جائے اور نہ ہی کسی غیر مصدقہ لنک پر کلک کیا جائے۔

آگاہی مہم کے مطابق شہری اپنی ذاتی یا مالی معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں، جبکہ اگر کوئی مشتبہ سرگرمی سامنے آئے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔

پی ایچ سی نے عوام کو ہدایت کی کہ صرف سرکاری ویب سائٹس، تصدیق شدہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور مستند ذرائع سے ہی معلومات حاصل کی جائیں تاکہ فراڈ اور دھوکے سے محفوظ رہا جا سکے۔

کمیشن کا کہنا ہے کہ شہری اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کے لیے محتاط رویہ اختیار کریں اور کسی بھی غیر مصدقہ رابطے سے گریز کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close