گرمی سے ستائے شہریوں کے لیے خوشخبری، بادل برسنے کو تیارکہاں کہاں ؟ جانئے

ملک کے مختلف شہروں میں گرمی کی شدت برقرار ہے،محکمہ موسمیات نے آج کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ لاہور میں بھی کل بارش متوقع ہے۔ اسلام آباد میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جہاں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، دوسری جانب گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ لاہور میں بھی شدید گرمی کا راج برقرار ہے اور سورج آگ برسا رہا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 32 جبکہ زیادہ سے زیادہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ شہر میں ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے اور ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، تاہم شہریوں کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ جمعرات کے روز بادل برسنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ ادھر کراچی بھی گرمی اور حبس کی لپیٹ میں ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری رہا، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔شہر میں جنوب مغرب سے 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث حبس میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا فضائی معیار بھی مضرِ صحت سطح پر موجود ہے اور فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار سو پارٹیکیولیٹ میٹرز سے تجاوز کر چکی ہے، جس کے باعث شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close