اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے اور عالمی سطح پر تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران کویتی وزیر خارجہ نے امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں اور مذاکرات کے فروغ کے لیے پاکستان کے مسلسل ثالثی کردار اور سہولت کاری کی کوششوں کو سراہا۔
شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کی بھی تعریف کی اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو اہم قرار دیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے سفارت کاری، مکالمے اور مسلسل مذاکرات کو ہی بہترین راستہ سمجھتا ہے اور اس پالیسی کی حمایت جاری رکھے گا۔
دونوں رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ جاری سفارتی کوششیں مثبت نتائج دیں گی اور مستقبل قریب میں خطے میں دیرپا امن کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔
گفتگو کے دوران پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا بھی اعادہ کیا گیا، جبکہ دونوں فریقوں نے باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






