پاکستانیوں کی موجیں! کرایوں میں اضافے پر پابندی کا اعلان

ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں رہائشی اور کمرشل املاک کے کرایوں کو منجمد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت کرایوں میں اضافے پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

خلیجی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام نے واضح کیا ہے کہ گھروں اور کمرشل مقامات کے کرایوں میں کسی بھی قسم کے اضافے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ پابندی نئے اور تجدید شدہ کرایہ داری معاہدوں دونوں پر لاگو ہوگی۔

حکام کے مطابق جائیداد مالکان موجودہ کرائے سے زیادہ رقم وصول نہیں کر سکیں گے اور کرایوں میں اضافے سے متعلق تمام اقدامات تاحکم ثانی معطل رہیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہے اور اس کا مقصد کرایہ داروں کو ریلیف فراہم کرنا اور معاشی استحکام کو فروغ دینا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ابوظبی میں اس سے قبل 2021 میں کورونا وبا کے دوران بھی کاروباری اداروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تجارتی کرایوں کو منجمد کیا گیا تھا۔ اس اقدام کا مقصد کاروباری سرگرمیوں کو سہارا دینا اور معاشی دباؤ کو کم کرنا تھا۔

ماہرین کے مطابق حالیہ فیصلہ رہائشی اور تجارتی شعبوں میں استحکام پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ کرایہ داروں کو مالی تحفظ فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close