4 جون سے بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کردیا ، جس میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان نے صوبے کے مختلف اضلاع میں 4 جون سے تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ کوئٹہ سمیت شمالی اور وسطی بلوچستان کے متعدد اضلاع میں موسم شدید رہے گا تاہم ژوب، لورالائی، زیارت، ہرنائی اور قلعہ سیف اللہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری (اولے پڑنے) کا بھی امکان ہے۔
خضدار، آواران، مسلم باغ اور قلعہ عبداللہ میں تیز گرد آلود ہوائیں چلنے اور ہلکی بوندا باندی کی توقع ہے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے طوفانی صورتحال کے پیش نظر شہریوں اور کسانوں کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی، جس میں کہا گیا کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث کچے مکانات، ہارڈنگ بورڈز اور کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شدید بارش اور آندھی کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ موسمی تغیر کے باعث آسمانی بجلی گرنے کے واقعات پیش آسکتے ہیں، لہٰذا شہری کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں جبکہ زمیندار اور کسان اپنی فصلوں کی کٹائی اور دیگر سرگرمیاں موجودہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھ کر انجام دیں تاکہ نقصان سے بچا جا سکے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ تمام ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے الرٹ رہیں۔ کسی بھی ناگہانی صورتحال یا نکاسی آب کے مسائل سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔”
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





