جون کے پہلے ہفتے میں کیا ہونے والا ہے؟ الیکشن کمیشن نے اشارہ دے دیا

مظفرآباد: ترجمان آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے آئین کے مطابق قانون ساز اسمبلی کی آئینی مدت مکمل ہونے سے قبل 60 روز کے اندر عام انتخابات کا انعقاد لازمی آئینی تقاضا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ موجودہ قانون ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس 3 اگست کو منعقد ہوا تھا، جس کی بنیاد پر اسمبلی کی آئینی مدت کا تعین کیا جاتا ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق آئینی اور قانونی تقاضوں کے تحت انتخابی شیڈول اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے کم از کم 45 روز قبل جاری کرنا ضروری ہے تاکہ انتخابی عمل بروقت اور منظم انداز میں مکمل کیا جا سکے۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ مذکورہ آئینی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ عام انتخابات کا شیڈول جون کے پہلے ہفتے میں جاری کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد انتخابی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر شفاف، آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے اور مشاورت کا عمل بھی جاری ہے تاکہ انتخابی عمل آئین اور قانون کے مطابق خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close