اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے مرکزی نائب صدر اور سابق مشیر حکومت سردار امجد یوسف نے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعظم کے پولیٹیکل اسسٹنٹ سید عزادار حسین کاظمی اور راحیل ملک بھی موجود تھے۔
اس دوران آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال، آئندہ انتخابات اور پاکستان پیپلز پارٹی کی تنظیمی و سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی عوامی مسائل کے حل، جمہوری استحکام اور اداروں کی مضبوطی کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گی۔
ملاقات میں کوئٹہ میں ہونے والے المناک بم دھماکے کی شدید مذمت بھی کی گئی اور شہداء کیلئے دعائے مغفرت جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ دہشتگردی ایک ناسور ہے جس کے خاتمے کیلئے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا، معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
اس موقع پر مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ کشمیر کاز کو عالمی سطح پر مزید مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس اور حریت قیادت سے روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حامی رہی ہے اور یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پارٹی بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی جبکہ کارکنان پارٹی کا اصل سرمایہ ہیں۔
سردار امجد یوسف نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف چھ ماہ میں ایسے اقدامات کیے جو گزشتہ کئی ادوار پر بھاری ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






