مکہ مکرمہ: حج کے مقدس مناسک کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین میں ایک ایسا چہرہ بھی شامل ہے جس کا سفرِ ایمان دنیا کے لیے روشن مثال بن گیا ہے۔
اٹلی سے تعلق رکھنے والے نومسلم محمد لوقا، جنہیں بچپن میں ٹی وی پر سنی گئی اذان کی مسحور کن آواز نے اسلام کی جانب راغب کیا، اس وقت منیٰ میں دیگر حجاج کے ساتھ مناسکِ حج ادا کر رہے ہیں۔
محمد لوقا کے مطابق انہوں نے پہلی بار 12 سال کی عمر میں ٹی وی پر اذان سنی تھی، جس کی آواز نے انہیں گہرے طور پر متاثر کیا اور یہی احساس ان کے دل میں اسلام کو سمجھنے کا باعث بنا۔
انہوں نے اسلام کا تفصیلی مطالعہ شروع کیا اور کئی سال تک مختلف مذاہب کا تقابلی جائزہ لیتے رہے، جس کے بعد انہوں نے اسلام قبول کر لیا۔
ان کا کہنا ہے کہ اسلام نے ان کی زندگی میں واضح مقصد اور ذہنی سکون پیدا کیا اور وہ ماضی کی بے یقینی سے آزاد ہو گئے ہیں۔ وہ اس عظیم نعمت پر ہر لمحہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔
محمد لوقا نے حرمین شریفین کے انتظامات اور سعودی عرب میں حجاج کے لیے کیے گئے بہترین اقدامات کو بھی سراہا۔
ان کے مطابق حج کے دوران حرمین سے بلند ہونے والی اذانیں اور “لبیک اللھم لبیک” کی صدائیں ان کے اندر ایک گہرا روحانی احساس پیدا کر رہی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






