پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری، پاکستان اور ایک اہم ملک کے درمیان براہِ راست پروازیں

اسلام آباد: پاکستان اور پرتگال کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس سے پرتگال میں مقیم پچاس ہزار سے زائد پاکستانی مستفید ہو سکیں گے۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن شہریار میمن سے پرتگال کے سفیر نے خصوصی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست فضائی رابطوں کے آغاز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پرتگالی سفیر نے براہِ راست پروازوں کے جلد آغاز کے حوالے سے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سہولت سے پرتگال میں رہنے والے ہزاروں پاکستانیوں کو بڑا فائدہ ہوگا۔

شہریار میمن کا کہنا تھا کہ براہِ راست فلائٹس نہ صرف پرتگال بلکہ یورپ جانے والے پاکستانی مسافروں کیلئے بھی سفری سہولتوں میں اضافہ کریں گی۔

پرتگالی سفیر نے کہا کہ براہِ راست پروازیں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سیاحت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔ ملاقات میں اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا کہ موجودہ تجارتی حجم دونوں ممالک کی حقیقی صلاحیت کے مطابق نہیں۔

فریقین نے آئی ٹی، قابلِ تجدید توانائی، ٹیکسٹائل اور زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ ان اقدامات سے پاکستانی تاجروں کی یورپی منڈیوں تک رسائی مزید بہتر ہو سکے گی۔

پرتگالی سفیر نے پرتگال کی معیشت میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پرتگال پاکستان کے سیاحتی شعبے میں تعاون بڑھانے کیلئے بھی تیار ہے۔

انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ پرتگال کے وزیر خارجہ موسمِ گرما کے بعد پاکستان کا باضابطہ دورہ کر سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close