اسکولوں کی فیسیں بڑھیں گی یا نہیں اعلان ہو گیا

دبئی: دبئی کی نالج اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ تعلیمی سال 2026-27 کے دوران نجی اسکولوں کی فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کی ہدایات پر کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد معاشی استحکام برقرار رکھنا اور والدین کو مالی ریلیف فراہم کرنا ہے۔ یہ اعلان دبئی حکومت کے حالیہ 1.5 ارب درہم کے معاشی مراعاتی پیکج کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے بعد مجموعی امدادی اقدامات کی مالیت 2.5 ارب درہم تک پہنچ گئی ہے۔

نئے پیکج کے تحت 33 مختلف اقدامات آئندہ 3 سے 12 ماہ کے دوران نافذ کیے جائیں گے۔ ان میں تعلیمی شعبے کیلئے خصوصی سہولتیں بھی شامل ہیں، جن کے تحت نجی اسکولوں کو لائسنس فیس کی ادائیگی میں آسانی، جرمانوں میں نرمی اور اقساط کی سہولت دی جائے گی۔

ابتدائی تعلیمی مراکز کو لائسنس فیس، جرمانوں اور میونسپل مارکیٹ فیس سے استثنیٰ فراہم کیا جائے گا جبکہ نالج فنڈ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے کرایوں میں جزوی رعایت اور توسیعی سہولتیں بھی دی جائیں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کیلئے انشورنس گارنٹی میں نرمی، کرایوں میں اضافے پر پابندی اور ادائیگیوں میں تاخیر جیسی سہولتیں بھی متعارف کروائی جا رہی ہیں تاکہ والدین، سرمایہ کاروں اور تعلیمی اداروں کو متوازن ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

اتھارٹی کے مطابق دبئی کا نجی تعلیمی شعبہ مسلسل ترقی کر رہا ہے جہاں 95 فیصد سے زائد طلبہ فزیکل کلاسز میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ 17 مختلف نصاب پڑھائے جا رہے ہیں۔ رواں سال تقریباً 9 ہزار نئی کم لاگت نشستیں شامل کی گئی ہیں جبکہ آئندہ دو برسوں میں مزید 7,500 نشستیں شامل کرنے کا منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close