وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اپنے 4 روزہ دورۂ چین کے پہلے مرحلے میں ہانگژو پہنچ گئے ہیں۔
شیاؤ شین ائیرپورٹ ہانگژو پر پہنچنے پر نائب گورنر ژجیانگ شو وینگوانگ، چین میں پاکستان کے سفیر جیانگ زائیڈونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔
وزیرِ اعظم کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم ہانگژو میں ژجیانگ صوبے کے پارٹی سیکریٹری وانگ ہاؤ سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ سی پیک فیز 2 کے تحت پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے منعقدہ بزنس فورم میں بھی شرکت کریں گے۔
دورے کے دوران مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب بھی منعقد ہوگی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔
مزید برآں وزیرِ اعظم کی معروف چینی کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔ وہ چینی کمپنی علی بابا کے ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی کریں گے اور باہمی تعاون سے متعلق مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے، جس سے پاکستان اور چین کے تجارتی تعلقات کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





