’عیدی‘ لینے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف بھیک مانگنے کے مقدمات درج

عید کے موقع پر ’عیدی‘ کے نام پر شہریوں سے پیسے مانگنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف بھیک مانگنے کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

محکمہ پولیس کے مطابق محکمہ پولیس کا نام بدنام کرنے اور شہریوں سے غیر قانونی طور پر رقوم طلب کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں عیدی کے نام پر شہریوں کو تنگ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف باقاعدہ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز نے پہلے ہی فیلڈ افسران کو سخت ہدایات جاری کی تھیں کہ کسی بھی قسم کے غیر قانونی عمل سے اجتناب کیا جائے، تاہم شاہدرہ اور اسلام پورہ کے علاقوں میں بعض اہلکاروں کی جانب سے شہریوں سے عیدی کے نام پر پیسے مانگنے کے واقعات سامنے آئے۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ڈی پی او اسلام پورہ کو انکوائری کا حکم دیا، جس کے بعد شکایات کی تصدیق ہونے پر تھانہ شاہدرہ میں مقدمہ نمبر 2548/26 جبکہ تھانہ اسلام پورہ میں دوسرا مقدمہ نمبر 1186/26 درج کیا گیا۔

پولیس کے مطابق اہلکاروں کے خلاف دفعہ 155-C اور گداگری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ شہریوں سے پیسے لے کر محکمہ پولیس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے عناصر کی پولیس میں کوئی جگہ نہیں اور ان کے خلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی جاری رہے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close