اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح کم ہو کر 14.47 فیصد پر آ گئی ہے، جبکہ حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.33 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مارکیٹ میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا، جس میں 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 11 اشیا سستی ہوئیں جبکہ 14 بنیادی اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ٹماٹر کی قیمت میں 7.17 فیصد، پیاز میں 6.08 فیصد، آٹے میں 1.84 فیصد اور آلو کی قیمت میں 0.87 فیصد اضافہ ہوا۔
اس کے علاوہ کوکنگ آئل، چائے اور دہی سمیت متعدد روزمرہ استعمال کی اشیا بھی مہنگی ہوئیں، جس سے عام صارفین پر بوجھ برقرار رہا۔
دوسری جانب عوام کے لیے ریلیف کی بات یہ ہے کہ چکن کا گوشت 8.56 فیصد سستا ہوا ہے، جبکہ لہسن، دالیں، انڈے اور کیلے سمیت کچھ اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پہلی سہ ماہی میں بجلی کے چارجز میں 6.08 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔
اسی طرح پٹرولیم مصنوعات کے شعبے میں بھی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 1.21 فیصد جبکہ ایل پی جی 0.87 فیصد سستی ہوئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






