تیسرے ،چوتھے بچے کی پیدائش پر انعام کا اعلان

 بھارت میں تیسرے اور چوتھے بچے کی پیدائش پر والدین کو انعامی رقم دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارت کی ریاست آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے ریاست میں آبادی کی گرتی ہوئی شرح کو روکنے کیلئے بچوں کی پیدائش پر انعامی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔

این چندرابابو نائیڈو نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ معاشرہ شرح پیدائش بڑھانے کیلئے مل کر کام کرے، حکومت ایک ماہ کے اندر مزید تفصیلات کا اعلان کرے گی۔

وزیراعلیٰ آندھرا پردیش نے کہا کہ میں نے ایک نیا فیصلہ کیا ہے، ہم تیسرے بچے کی پیدائش پر 30 ہزار اور چوتھے کے جنم 40 ہزار روپے والدین کو دیں گے، کیا یہ صحیح فیصلہ نہیں ہے؟

این چندرابابو نائیڈو کا مذکورہ اعلان دوسرے بچے کی پیدائش پر 25 ہزار روپے دینے کی اس سے پہلے کی تجویز کے بعد سامنے آیا۔

5 مارچ 2026 کو انہوں نے اسمبلی کو آگاہ کیا تھا کہ ریاستی حکومت دوسرے بچے کی پیدائش پر جوڑوں کو انعامی رقم دینے پر غور کر رہی ہے۔

تاہم، ریاستی وزیر صحت ستیا کمار یادو نے بعد میں بتایا تھا کہ حکومت نے اس کا دائرہ کار تیسرے اور اس سے زیادہ بچے پیدا کرنے والے خاندانوں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

این چندرابابو نائیڈو کا مزید کہنا تھا کہ آمدنی میں اضافے کے ساتھ کچھ جوڑے صرف ایک ہی بچہ پیدا کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں جبکہ دیگر جوڑے دوسرا بچہ صرف اسی صورت میں پیدا کرتے ہیں جب ان کی پہلی اولاد لڑکا نہ ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close