مال بردار ٹرین اور بس کے درمیان خوفناک تصادم، بڑا نقصان

بینکاک میں ریلوے پھاٹک پر خوفناک حادثے کے نتیجے میں مال بردار ٹرین اور بس آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے باعث کم از کم آٹھ افراد ہلاک جبکہ 32 سے زائد زخمی ہوگئے۔

حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ کئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی حادثے کی زد میں آ گئیں۔

تھائی میڈیا کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک بس ریلوے کراسنگ پر سرخ سگنل کی وجہ سے رکی ہوئی تھی۔

ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ ریلوے بیریئر وقت پر نیچے نہیں آیا جبکہ مال بردار ٹرین بھی بروقت بریک نہ لگا سکی، جس کے باعث تیز رفتار ٹرین بس سے جا ٹکرائی۔

حادثے کے فوری بعد زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی اور آگ بھڑک اٹھی، جس نے قریب کھڑی متعدد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

امدادی ٹیموں اور فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔

ریسکیو اہلکاروں کو تباہ شدہ بس سے زخمیوں کو نکالتے دیکھا گیا جبکہ فائر بریگیڈ کے عملے نے پانی کی تیز دھاروں کے ذریعے آگ پر قابو پایا۔

حکام کے مطابق آگ کو مکمل طور پر بجھا دیا گیا ہے جبکہ امدادی ٹیمیں علاقے کو ٹھنڈا کرنے، گیس کے اخراج کو روکنے اور مزید متاثرین کی تلاش میں مصروف ہیں۔

حادثہ دوپہر کے ابتدائی اوقات میں پیش آیا۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ ایک ٹرین درمیانی رفتار سے ریلوے پھاٹک کی جانب بڑھ رہی تھی کہ اسی دوران اس نے بس کو ٹکر ماری، جس کے فوراً بعد بس آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔

جائے حادثہ کے قریب موجود ایک عینی شاہد خاتون نے تھائی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کے ساتھ وہاں موجود تھیں، تاہم حادثے کے بعد وہ اتنی خوفزدہ ہو گئیں کہ دوبارہ پیچھے مڑ کر یہ دیکھنے کی ہمت نہیں ہوئی کہ کوئی متاثرہ شخص موجود ہے یا نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close