ماسکو: روس نے ایک بار پھر یوکرین پر بڑے پیمانے پر ڈرون اور میزائل حملے کیے، جن کے نتیجے میں دارالحکومت کیف میں کم از کم 3 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روس نے ایک ہی رات میں یوکرین پر 670 سے زائد ڈرونز اور 56 میزائل داغے۔ یوکرینی فوج نے کہا کہ رات بھر کیف کے 6 اضلاع اور گرد و نواح کے مزید 6 علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ جنوبی اوڈیسا ریجن کی بندرگاہوں اور ریلوے نظام پر بھی حملے کیے گئے۔ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ روس اب تک یوکرینی شہروں اور آبادیوں پر 1560سے زائد ڈرون استعمال کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ حملے اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ روس جنگ ختم کرنے میں سنجیدہ نہیں۔صدر زیلنسکی نے یوکرین کے اتحادی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ خاموش نہ رہیں اور یوکرین کے فضائی دفاعی نظام کی حمایت جاری رکھیں تاکہ شہری آبادی کو مزید حملوں سے محفوظ بنایا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





