لاہور: پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی سپیکر ظہیر اقبال چنڑ اور حکومتی رکن احسن کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، جس پر ڈپٹی اسپیکر نے رکن کو ایوان سے باہر نکال دیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر کی زیر صدارت ہوا جس میں ایک بار پھر ڈپٹی اسپیکر ارکان اسمبلی پر سیخ پا ہو گئے۔نقطہ اعتراض پر بات کی اجازت نہ دینے پر حکومتی رکن احسن رضا نے احتجاج کیا جس پر ڈپٹی اسپیکر ظہیر اقبال چنڑ اور حکومتی رکن احسن رضا کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ڈپٹی اسپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے حکومتی رکن احسن رضا کو پنجاب اسمبلی کے ایوان سے باہر نکالا اور کہا کہ احسن رضا صاحب آپ نے پنجاب اسمبلی کو مچھلی بازار بنا لیا ہے، یہ ایوان ہے کوئی منڈی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پنجاب اسمبلی ہے کوئی جلسہ تھوڑ ا ہے میں نقطہ اعتراض پر بات کرنے کی اجازت نہیں دوں گا، جس کا دل چاہتا ہے اٹھ کر وزیر یا پارلیمانی سیکرٹری کی تذلیل شروع کر دیتا ہے اس کی کسی کو اجازت نہیں دوں گا۔اس پر ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ سیکرٹری صاحب اور سمیع اللہ خان صاحب آپ احسن رضا کو سمجھائیں، احسن رضا آپ مداخلت نہ کریں آپ چئیر کو چیلنج کررہے ہیں، احسن رضا اب آپ باہر جائیں۔حکومتی رکن احسن رضا نے الزام عائد کیا کہ پارلیمانی سیکرٹری ہاس میں غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں، مجھے باہر نکالنے والے ڈپٹی اسپیکر کون ہوتے ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر نے ایوان میں موجود محافظوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کو باہر کریں آپ کون ہوتے ہیں مجھے سمجھانے والے۔اس دوران حکومتی رکن مجتبی شجاع الرحمان اور سمیع اللہ خان احسن رضا کو سمجھاتے رہے۔ مجتبی شجاع الرحمان نے کہا کہ احسن رضا کو ٹھنڈا پانی پلائیں۔ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کے بغیر اسمبلی نہیں چلے گی۔تلخ جملوں کے تبادلے اور ڈپٹی اسپیکر کے ایوان سے نکالنے کے حکم کے بعد حکومتی رکن احسن رضا احتجاجا ایوان سے باہر چلے گئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






