پاسپورٹ نظام میں بڑی تبدیلی

اسلام آباد: پاکستانی پاسپورٹ اور امیگریشن نظام کو جدید بنانے کے لیے اہم فیصلہ کر لیا گیا، جس کے تحت شہریوں کو بروقت اور بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت اسلام آباد ہیڈکوارٹر میں آئی ٹی ٹیم کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں امیگریشن اور پاسپورٹ نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر آئی ٹی ماہرین کو بھی مدعو کیا گیا، جنہوں نے موجودہ نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔

حکام کے مطابق پاسپورٹ اور امیگریشن کے عمل کو مکمل ڈیجیٹل بنانے کی طرف پیشرفت جاری ہے، جس سے نہ صرف نظام میں شفافیت آئے گی بلکہ عوام کو بروقت اور بہتر سہولیات بھی میسر ہوں گی۔

منصوبے کے تحت عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل کمپلینٹ سینٹر بھی قائم کیا جائے گا، جہاں شہری اپنی شکایات، سوالات اور مسائل آن لائن ایپ کے ذریعے درج کر سکیں گے۔

یہ نظام 24 گھنٹے فعال رہے گا اور شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کو ممکن بنائے گا، جس سے سروس ڈیلیوری میں نمایاں بہتری آنے کی توقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close