پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب میں کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کرے گا، کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کے بعد جدہ بھی مستقبل میں پاکستان سپر لیگ کے میچوں کی میزبانی کر سکے گا۔
اس بارے میں ابتدائی طور پر گورننگ بورڈ سے منظوری لی جا چکی ہے البتہ ابھی مزید معاملات پر غور اور حتمی معاہدہ ہونا باقی ہے۔
پی سی بی سعودی عرب میں بھی کھیل کو فروغ دینا چاہتا ہے جب کہ سعودی حکومت بھی اپنے ملک میں سپورٹس سرگرمیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ جدہ میں کرکٹ سٹیڈیم بنانے کے لیے گزشتہ دنوں بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ میں سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے ساتھ اس حوالے سے اظہار دلچسپی کی منظوری لی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں سٹیڈیم کی جگہ منتخب کرنے کے لیے مختلف مقامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، یہ معاملہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔
حکام سے مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں معاہدہ ہو جائے گا، جس کے بعد اس پر باقاعدہ کام شروع ہو گا۔
حکام کی خواہش ہے کہ یہ فلڈ لائٹس کے حامل وینیو پر مناسب تعداد میں شائقین کی گنجائش بھی موجود ہو، اس کے بعد مستقبل میں پی ایس ایل سمیت پاکستان کرکٹ کے مختلف میچز کا انعقاد بھی جدہ میں کیا جائے۔
اس فیصلے سے نہ صرف شائقین کو وہاں کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا ، ساتھ ہی نوجوان کرکٹرز بھی اپنی صلاحیتیں نکھار کر آگے آنے کے مواقع پا سکیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






