کراچی: مفت الیکٹرک پنک اسکوٹی حاصل کرنے کی خواہشمند خواتین کے لئے بڑی خبر آگئی ، اس اسکیم کو سکھر اور حیدرآباد میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ بھر کی خواتین کے لیے پنک الیکٹرک اسکوٹر اسکیم کا دائرہ کار وسیع کرنے کی ہدایت کر دی۔بلاول ہاس کراچی میں منعقدہ اجلاسوں کے دوران عوامی مسائل اور فلاحی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے اہم فیصلے کیے گئے۔صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے چیئرمین بلاول بھٹو کو کراچی میں پنک اسکوٹرز کی جاری تقسیم پر بریفنگ دی، بلاول بھٹو نے اس اقدام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مرحلہ وار پورے صوبے تک پھیلانے کا حکم دیا۔ابتدائی طور پر اس اسکیم کو سکھر اور حیدرآباد میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان شہروں میں جلد ہی اسکوٹرز کی تقسیم کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ اسکوٹرز سندھ کی مستقل رہائشی خواتین کو مفت فراہم کیے جا رہے ہیں تاہم درخواست دہندگان کے لیے درج ذیل شرائط لازمی ہیں۔امیدوار کا سندھ کا مستقل رہائشی ہونا ضروری ہے۔وہ طالبہ ہو یا برسرِ روزگار ہو۔موٹر سائیکل یا کار کا کارآمد ڈرائیونگ لائسنس ہونا لازمی ہے۔کامیاب امیدوار 7 سال تک اسکوٹر کو فروخت یا کسی دوسرے کے نام منتقل نہیں کر سکیں گی۔اسکیم کے تحت شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہونے والی خواتین کو روڈ سیفٹی ٹیسٹ پاس کرنا ہوگا، حکومتِ سندھ نے خواتین کی مہارت میں اضافے کے لیے صوبے بھر میں مفت ٹریننگ پروگرامز کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ محفوظ طریقے سے اسکوٹر چلا سکیں۔اس منصوبے کا بنیادی مقصد خواتین کی نقل و حمل کو آسان بنا کر انہیں تعلیم اور روزگار کے حصول میں بااختیار بنانا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






