اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک بھر میں 12 سے 17 اپریل تک طوفانی بارشوں، برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا۔ اس کے نتیجے میں اسلام آباد، مری، راولپنڈی، لاہور اور سیالکوٹ میں 13 سے 17 اپریل کے دوران گرج چمک، آندھی اور ژالہ باری کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح چترال، دیر، سوات، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت دیگر علاقوں میں 12 سے 17 اپریل تک تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
دوسری جانب ملک کے جنوبی حصوں یعنی سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ درجہ حرارت میں مزید اضافے کی توقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جبکہ برفباری اور پھسلن کے باعث سفر متاثر ہو سکتا ہے۔ سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شمالی علاقوں کا رخ کرنے سے پہلے موسم کی صورتحال ضرور چیک کریں۔
مزید برآں تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور عمارتوں، درختوں اور بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی و ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





