پاکستان میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی سکیورٹی سے متعلق ایک سوال پر بھارتی اینکر کو سابق امریکی سفارتکار جیفری گنٹر نے سخت ردعمل دیتے ہوئے آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی نائب صدر پاکستان میں مکمل طور پر محفوظ ہیں اور بھارتی میڈیا اس معاملے کو غیر ضروری طور پر بھارت پاکستان تنازع میں تبدیل کر رہا ہے، جو افسوسناک ہے۔
جیفری گنٹر کے مطابق یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے جس کا تعلق انسانی زندگیوں، روزگار اور معاشی صورتحال جیسے اہم امور سے ہے، اور اسے سیاسی تماشے میں تبدیل نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کا طرز عمل بعض اوقات اسکول کے بچوں جیسا لگتا ہے، اور اسے اس نازک صورتحال کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ بھارتی میڈیا کو اس کے رویے پر تنبیہ کے طور پر کچھ دیر کے لیے کمرے میں بند کرنا چاہیں گے، اور زور دیا کہ توجہ جنگ بندی اور سفارتی پیش رفت پر ہونی چاہیے نہ کہ غیر ضروری بحثوں پر۔
اس سے قبل بھارتی اینکر ارناب گوسوامی کے ایک پروگرام میں چینی ماہرِ بین الاقوامی امور پروفیسر وکٹر گاؤ نے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان نے مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ان کے اس بیان پر بھارتی اینکر نے انہیں مکمل بات کرنے کی اجازت نہیں دی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
ماہرین کے مطابق امن مذاکرات جیسے حساس معاملات کو متنازع بنانے کی کوششیں خطے میں کشیدگی کو بڑھا سکتی ہیں، اور اس طرزِ عمل کو علاقائی استحکام کے لیے نقصان دہ قرار دیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





