بارشوں کا سلسلہ جاری، خطرہ بڑھ گیا، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ہفتہ کی شام سے 29 مارچ تک شمالی بلوچستان میں شدید بارشوں کے باعث فلیش فلڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

محکمے کے مطابق ژوب، موسیٰ خیل، سبی، کوہلو، بارکھان، نصیرآباد اور لورالائی میں موسلادھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔

دوسری جانب بالائی و وسطی خیبر پختونخوا میں بھی آج شام سے 30 مارچ تک مقامی ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق تیز آندھی، جھکڑ، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور انفراسٹرکچر جیسے بجلی کے کھمبے، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، بالائی و وسطی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ شمال مشرقی بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں بھی چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جبکہ اتوار کے روز بھی بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close