علی لاریجانی کی شہادت، ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان آ گیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی اعلیٰ شخصیت علی لاریجانی کی شہادت کے بعد ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ اپنی طے شدہ حکمتِ عملی سے کہیں زیادہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

ٹرمپ نے ایران پر حملے کو ایک درست اور ناگزیر فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ کارروائی نہ کی جاتی تو ایران اب تک ایٹمی ہتھیار حاصل کر چکا ہوتا، جو خطے اور دنیا کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا تھا۔ اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ امریکی کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کی فضائیہ اور بحریہ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے، اور امریکی افواج اپنے اہداف کے حصول میں توقع سے کہیں زیادہ کامیاب ہو رہی ہیں۔

دوسری جانب، ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی کی شہادت کی تصدیق ایرانی حکام کی جانب سے کر دی گئی ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اس حملے میں ان کے بیٹے مرتضیٰ بھی جاں بحق ہوئے ہیں، جس نے اس واقعے کو مزید افسوسناک بنا دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق علی لاریجانی کو مشرقی تہران میں اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنی بیٹی سے ملاقات کے لیے وہاں موجود تھے، اور یہ حملہ امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ کارروائی کا حصہ بتایا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close