فلائٹ آپریشن میں تبدیلی

کراچی: مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث فضائی آپریشن شدید متاثر ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے اپنی متعدد پروازوں کا رخ تبدیل کر دیا ہے۔

قومی ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق دبئی جانے والی پروازوں کو اب فجیرہ ایئرپورٹ منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ابوظبی کی پروازیں العین ایئرپورٹ پر اتاری جا رہی ہیں۔ صورتحال کے پیشِ نظر آج مجموعی طور پر 101 پروازیں منسوخ کی گئیں، جبکہ ملک کے آٹھ بڑے ایئرپورٹس، جن میں لاہور کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی شامل ہے، سے بیرونِ ملک جانے والی پروازیں بری طرح متاثر ہوئیں۔ منسوخ ہونے والی پروازوں میں ابوظبی، بحرین، شارجہ، کویت، قطر، ایران، عراق، آذربائیجان اور دبئی کے لیے طے شدہ پروازیں شامل ہیں۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ 18 دنوں کے دوران تقریباً 2 ہزار پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔

ایئرلائنز نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ روانگی سے قبل اپنی پروازوں کا شیڈول ضرور چیک کریں۔ کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان اور سیالکوٹ کے متعدد مسافر پروازوں کی منسوخی کے باعث ایئرپورٹس سے واپس لوٹ گئے۔ ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کے لیے خصوصی پروازوں کا سلسلہ بھی فی الحال دوبارہ معطل کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close