کیا آپ کے ساتھ بھی ایسا ہوتا ہے کہ سیڑھیاں چڑھنے کے بعد سانس پھول جاتی ہے یا سانس لینے میں دشواری محسوس ہوتی ہے؟ اگر ایسا ہے تو آپ اکیلے نہیں ہیں، کیونکہ میراتھن مقابلوں میں حصہ لینے والے ایتھلیٹس کو بھی سیڑھیاں چڑھنے کے دوران سانس پھولنے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سیڑھیاں چڑھنے کے دوران سانس پھولنے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ زمین پر دوڑنے کے مقابلے میں اس عمل میں جسم مختلف انداز سے کام کرتا ہے، اور اس میں مسلز کا کردار اہم ہوتا ہے۔
مشی گن یونیورسٹی کے پروفیسر ٹموتھی جے مائیکل کے مطابق، ہمارے جسم کے ہر پٹھے کے اندر مختلف اقسام کے مسل فائبرز ہوتے ہیں، جن میں سست رفتار سے کام کرنے والے اور تیز رفتار سے متحرک ہونے والے فائبرز شامل ہیں۔
سست رفتار مسل فائبرز تھکاوٹ کے خلاف زیادہ مزاحمت رکھتے ہیں اور طویل دورانیے کی سرگرمیوں جیسے دوڑ میں مدد دیتے ہیں، جبکہ تیز رفتار مسل فائبرز اس وقت متحرک ہوتے ہیں جب جسم کو فوری طور پر زیادہ طاقت درکار ہو، جیسے سیڑھیاں چڑھنے یا چھلانگ لگانے کے دوران۔
سیڑھیاں چڑھنا ایک نسبتاً مشکل جسمانی سرگرمی ہے، جس میں زیادہ طاقت اور مضبوطی کی ضرورت ہوتی ہے، اسی لیے اس میں تیز رفتار مسل فائبرز زیادہ استعمال ہوتے ہیں۔
مڈ ویسٹرن اسٹیٹ یونیورسٹی کے فزیولوجسٹ پروفیسر فرینک وائٹ کے مطابق، سیڑھیاں چڑھنے کے دوران جسم میں کاربن ڈائی آکسائیڈ اور ہائیڈروجن کے حوالے سے حساسیت بڑھ جاتی ہے، جس کے باعث تھکاوٹ جلدی محسوس ہوتی ہے۔
سیڑھیاں چڑھتے وقت کشش ثقل کے خلاف کام کرنا بھی ایک اہم وجہ ہے، کیونکہ اس دوران جسم کو اپنے وزن کو اوپر اٹھانا پڑتا ہے، جو اضافی توانائی طلب کرتا ہے۔
اس کے علاوہ روزمرہ زندگی میں ہم عموماً سیڑھیاں چڑھنے سے پہلے کسی خاص تیاری یا وارم اپ نہیں کرتے، جس کی وجہ سے مسلز اچانک دباؤ میں آ جاتے ہیں اور جسم میں آکسیجن کی کمی محسوس ہونے لگتی ہے، جس سے سانس پھول جاتا ہے۔
مزید یہ کہ سیڑھیاں چڑھتے وقت ایسے مسلز بھی استعمال ہوتے ہیں جو عام طور پر کم استعمال ہوتے ہیں، جس سے یہ عمل مزید مشکل محسوس ہوتا ہے۔
جب جسم کو محسوس ہوتا ہے کہ آکسیجن کی طلب بڑھ گئی ہے اور اس کی فراہمی کم ہو رہی ہے تو اس کے نتیجے میں تھکاوٹ اور سانس پھولنے کی کیفیت پیدا ہوتی ہے۔
نوٹ: یہ معلومات طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہیں، اس حوالے سے کسی بھی تشویش کی صورت میں اپنے معالج سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






