واٹس ایپ نے 13 سال سے کم عمر بچوں کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے والدین اپنے بچوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو کنٹرول کر سکیں گے۔
“پیرنٹ منیج اکاؤنٹ” کے نام سے متعارف کرائے گئے اس فیچر کے تحت بچوں کو صرف میسجنگ اور کالنگ کی سہولت دستیاب ہوگی، اور کمپنی کے مطابق اس کا مقصد کم عمر بچوں کے آن لائن تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
ان اکاؤنٹس میں ڈیفالٹ طور پر سخت پرائیویسی سیٹنگز نافذ ہوں گی، جبکہ والدین کو مختلف کنٹرولز حاصل ہوں گے۔ وہ یہ طے کر سکیں گے کہ کون سے افراد ان کے بچوں سے رابطہ کر سکتے ہیں، بچے کن گروپس میں شامل ہو سکتے ہیں اور کون سی پرائیویسی سیٹنگز میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔
واٹس ایپ کے مطابق بچوں کی گفتگو کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا، تاہم ان اکاؤنٹس کو میٹا اے آئی، چینلز یا اسٹیٹس جیسے فیچرز تک رسائی نہیں دی جائے گی۔
اس فیچر کے استعمال کے لیے والدین اور بچے دونوں کے پاس علیحدہ ڈیوائسز ہونا ضروری ہوں گی۔ دونوں اکاؤنٹس کو کیو آر کوڈ کے ذریعے آپس میں لنک کیا جائے گا، اور کنیکٹ ہونے کے بعد والدین بچوں کے اکاؤنٹس کو کنٹرول کر سکیں گے۔
جب بچے کی عمر 13 سال سے زیادہ ہو جائے گی تو والدین کو نوٹیفکیشن کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا کہ وہ منیج اکاؤنٹ کو اسٹینڈرڈ اکاؤنٹ میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ فیچر آنے والے مہینوں میں تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






