محکمہ موسمیات نے عید کے روز بارش کی پیشنگوئی کر دی

محکمہ موسمیات نے کراچی میں عیدالفطر کے موقع پر بارش کی پیشگوئی کردی ہے، جس کے باعث شہر میں جاری گرمی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

کراچی میں اس وقت گرمی کی شدت برقرار ہے تاہم محکمہ موسمیات نے شہریوں کو عید کے موقع پر خوشگوار موسم کی نوید سنائی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی شہر کا موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے، تاہم ہوا میں نمی کے باعث موسم مرطوب محسوس کیا جا رہا ہے۔ دن کے وقت تیز دھوپ کے باعث گرمی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق ایک نیا مغربی سسٹم ملک میں داخل ہونے والا ہے، جس کے اثرات کے باعث کراچی میں عیدالفطر کے موقع پر بارش کا قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس بارش سے شہر میں جاری گرمی کی شدت کم ہونے کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع میں 17 سے 27 مارچ کے دوران وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں مغربی سسٹم کے اثرات واضح ہونا شروع ہو جائیں گے جس سے کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خوشگوار ہو جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close